پاتھ یا پیر سے پھانس کو نکالنے میں مددگار آسان طریقے

یہ کافی عام مسئلہ ہوتا ہے / فائل فوٹو
یہ کافی عام مسئلہ ہوتا ہے / فائل فوٹو

ہاتھ یا پیر میں پھانس چبھنے کا مسئلہ بہت عام ہوتا ہے اور تکلیف دہ بھی ہوتا ہے۔

عام طور پر پھانس نکالنے کے لیے چمٹی کا سہارا لیا جاتا ہے مگر زیادہ تر ناکامی کا سامنا ہوتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر پھانس زیادہ گہرائی میں چلی جائے تو پھر چمٹی سے اسے نکالنا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے جبکہ تکلیف الگ ہوتی ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام ٹوٹکوں سے بھی آپ پھانس کو بغیر تکلیف کے آسانی سے نکال سکتے ہیں اور ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔

البتہ ان ٹوٹکوں کو استعمال کرنے سے پہلے متاثرہ حصے کو صابن اور نیم گرم پانی سے اچھی طرح ضرور دھو لیں۔

اپسم نمک سے مدد لیں

اپسم نمک سورج سے ہونے والی جلن اور مسلز کی سوجن کے علاج کے لیے بھی فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے مگر یہ جِلد کی گہرائی میں چلے جانے والی پھانس کو سطح پر لانے کے لیے بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

اس مقصد کے لیے نیم گرم پانی سے بھری بالٹی میں ایک کپ نمک کو شامل کریں اور متاثرہ حصے کو اس میں ڈبو دیں۔

اس سے ہٹ کر بھی آپ پٹی پر نمک کی کچھ مقدار چھڑک کر اس سے متاثرہ حصے کو پورا دن ڈھانپ کر رکھیں۔

ان دونوں طریقوں سے پھانس بتدریج جِلد کی سطح پر آجاتی ہے جہاں سے اسے نکالنا آسان ہو جاتا ہے۔

نیم گرم پانی

اگر آپ کے پاس اپسم نمک موجود نہیں تو متاثرہ حصے کو 10 سے 15 منٹ تک نیم گرم پانی میں ڈبو کر رکھیں۔

اس سے لکڑی کی پھانس پھول جائے گی اور جِلد کی سطح پر آجائے گی جہاں سے اسے آپ نکال سکتے ہیں۔

نیم گرم پانی سے جِلد بھی نرم ہو جاتی ہے جس سے بھی پھانس کو نکالنا آسان ہو جاتا ہے۔

بیکنگ سوڈا کا پیسٹ

ایک چوتھائی کھانے کے چمچ بیکنگ سوڈا کو پانی کی مقدار میں ملاکر پیسٹ بنائیں۔

اس پیسٹ کو متاثرہ حصے پر لگا کر پٹی سے ڈھانپ دیں اور 24 گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

ایسا کرنے سے پھانس جِلد کی سطح پر آجائے گی جہاں سے آپ اسے نکال سکتے ہیں۔

اگر پہلی دفعہ میں کامیابی نہ ہو تو یہ طریقہ کار ایک بار پھر آزمائیں۔

اسکاچ ٹیپ بھی مفید

اگر پھانس پہلے ہی کسی حد تک سطح پر موجود ہو مگر چمٹی سے کوئی فائدہ نہ ہو رہا ہو تو ٹیپ کا ایک ٹکڑا متاثرہ حصے پر لگا کر چند منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

اس کے بعد نرمی سے ٹیپ کو اس اینگل سے کھینچیں جس سے پھانس اس سے چپک کر باہر آجائے۔

اس طریقہ کار کئی بار دہرانے سے پھانس کو نکالنا آسان ہو جاتا ہے۔

تیل یا سرکے سے بھی مدد لی جاسکتی ہے

زیتون کے تیل یا سفید سرکے میں متاثرہ حصے کو ڈبونے سے بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے تیل یا سرکے کو ایک ڈونگے میں ڈالیں اور پھر متاثرہ حصے کو 20 سے 30 منٹ تک اس میں ڈبو کر رکھیں۔

اس کے بعد دیکھیں کہ کیا پھانس جِلد کی سطح کے قریب آگئی ہے، اگر زیادہ قریب نہ ہو تو پھر اس طریقے پر عمل کریں۔

جب پھانس قریب آجائے تو اسے نکال لیں۔

گلیو سے کور کریں

گلیو کا طریقہ کار بھی ٹیپ کے ٹکڑے جیسا ہی ہے، یعنی اگر پھانس جِلد کی سطح کے قریب ہو تو پانی جیسی گلیو کو متاثرہ حصے پر لگائیں اور پھر اس کے خشک ہونے کا انتظار کریں۔

اس کے بعد خشک گلیو کو ناخن کے ذریعے نرمی سے ہٹائیں، اس طریقہ کار سے بھی پھانس کو نکالنا آسان ہو جاتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :