عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج ہوگی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج ہوگی،عمران خان ایف ایٹ کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس جی 11 میں پیش ہوں گے۔

توشہ خانہ کیس میں فردجرم کی کارروائی کے لیے طلبی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اسلام آباد آئیں گے اور ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوں گے۔ 

چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق کیس کی سماعت ضلعی کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کردی گئی ہے ۔

عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ رہےگی، صرف متعلقہ اور محدود افراد کو جوڈیشل کمپلیکس داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے داخلےپر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ 

اس کے علاوہ اسلام آباد کے بعد ضلع راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے مطابق ریلیوں، جلسوں اور یگر اجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ امن وامان کی صورتحال کےپیش نظر کیا گیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف گزشتہ سال 21 نومبر کو فوجداری کارروائی کے لیے درخواست دائر کی گئی۔ جج ظفراقبال نے 22 نومبر کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کیے، 12 دسمبر کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا اور 15 دسمبر کو عدالت نے درخواست کوقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئےعمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے۔

لیکن عمران خان 9جنوری کو عدالت پیش نہ ہوئے اور متعدد بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں، عدالت نے 31 جنوری کو پہلی بار عمران خان پر فردِجرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی جو اب تک قابل عمل نہیں ہو سکی۔

مزید خبریں :