سائنسدانوں نے دنیا بھر میں ماحولیاتی خطرے سے بچاؤ کی آخری وارننگ جاری کر دی

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

سائنسدانوں نے دنیا بھر میں ماحولیاتی خطرے سے بچاؤ کی آخری وارننگ جاری کر دی۔

ماحولیاتی خطرے  کے حوالے سے اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا تیزی سے تباہ کن گرمی کے قریب پہنچ رہی ہے،اگر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو بین الاقوامی ماحول کے اہداف پہنچ سے دور ہو جائیں گے۔

دنیا کے سیکڑوں سائنسدان اس رپورٹ کی تیاری میں 8 برس سے مصروف تھے، اس رپورٹ  میں سائنسدانوں کے نتائج پر روشنی ڈالی گئی ہے تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جا سکے کہ موسمیاتی بحران کس طرح سامنے آ رہا ہے۔

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے موسم میں شدت آرہی ہے، گرمی کی لہر سے ہزاروں افراد انتقال کر گئے، قحط اور سیلابوں سے لاکھوں متاثر ہوئے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے پیر کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے رپورٹ پر بین الحکومتی پینل کے آغاز  کے موقع پر کہا کہ  انسانیت پتلی برف پر ہے اور وہ برف تیزی سے پگھل رہی ہے۔

انتونیو گوتریس کے مطابق ماحولیاتی بہتری کے لیے ہر ملک کو ہر شعبے میں کوشش کرنا ہو گی۔ 

فرینڈز آف دی ارتھ انٹرنیشنل میں پروگرام کوآرڈینیٹر سارہ شا کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیش آنے والے خطرات کا اندازہ لگانے کے حوالےسے اب تک کی سب سے زیادہ خوفناک اور پریشان کن رپورٹ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زمین کو گرم کرنے والی آلودگی کے اثرات پہلے ہی توقع سے زیادہ شدید ہیں اور ہم تیزی سے خطرناک نتائج کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق فضا میں کاربن  کی آلودگی 20 لاکھ سالوں سے اپنی بلند ترین سطح پر ہے اور گزشتہ نصف صدی کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کی شرح  2 ہزار  سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے زیادہ اثرات غریب اور کمزور ممالک پر زیادہ پڑ رہے  ہیں۔

مزید خبریں :