Time 08 اپریل ، 2023
پاکستان

کے پی: بدعنوانی کیس میں چارج شیٹ ہونیوالے سینیئر آفیسر ڈی جی ہیلتھ تعینات

فوٹو:جمال ناصر فائل
فوٹو:جمال ناصر فائل

خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے بدعنوانی کیس میں چارج شیٹ ہونے والے محکمہ صحت کے سینیئر آفیسر ڈاکٹر جمال ناصر کو ڈی جی ہیلتھ تعینات کر دیا۔

محکمہ صحت خیبر پختو نخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر جمال ناصر نئے ڈی جی ہیلتھ تعینات کردیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر جمال ناصر کےخلاف فروری میں محکمہ صحت کی جانب سے انکوائری کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا،ان  پر سابقہ فاٹا کے بطور چیف ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ بدعنوانی کے الزامات ہیں۔

اس تعیناتی کے حوالے سے جب نگران مشیر صحت ڈاکٹر عابد جمیل سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈی جی ہیلتھ کے لیے مختلف نام زیر غور آئے تھے، ہمیں بتایا گیا کہ زیر غور آفیسرز میں ڈاکٹر جمال ناصر ایک محنتی آفیسر ہیں ، ہو سکتا ہے کہ ڈاکٹر جمال کے خلاف انکوائری سنگین نوعیت کی نہ ہو۔

نئے تعینات ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر جمال ناصر نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ 2013 میں جب وہ سابقہ فاٹا میں تعینات تھے اس وقت کی انکوائری اب ان کے خلاف کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری سے متعلق تمام تر الزامات کا جواب بھی دے چکا ہوں،انکوائری ابھی تک کیوں ختم نہیں کی گئی سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ میں عارضی بنیادوں پر ملازمین کی بھرتی کی جاتی ہے،  پراجیکٹ میں بھرتی اور سرکاری ملازمت دلوانے میں بنیادی فرق ہے۔

مزید خبریں :