14 اپریل ، 2023
موجودہ عہد میں بیشتر افراد دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، مگر یہ عادت دل کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی اور فن لینڈ کی ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نوجوانی میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا دل کے حجم کو 3 گنا بڑھا دیتا ہے۔
کچھ عرصے قبل عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ دنیا بھر میں 80 فیصد نوجوان اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں۔
زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض، ذیابیطس ٹائپ 2 اور کینسر جیسی بیماریوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں 17 سال کی عمر کے 530 نوجوانوں کو شامل کیا گیا تھا جن کے جسمانی وزن، مسلز کے حجم، بلڈ گلوکوز لیول اور جسمانی سرگرمیوں کی سطح کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ بیشتر نوجوان روزانہ 8 گھنٹے بیٹھ کر گزارتے ہیں جبکہ معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں کا دورانیہ 49 منٹ ہوتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے اور جسمانی سرگرمیوں کا دل کے حجم سے تعلق ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جسمانی وزن جتنا بھی ہو، مگر جو نوجوان اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں ان کے دل کا حجم دیگر کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ دل کے حجم میں اضافے سے امراض قلب اور موت کا خطرہ 7 سے 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معتدل جسمانی سرگرمیوں سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج Scandinavian Journal of Medicine & Science in Sports میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل جولائی 2022 میں ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ بہت زیادہ وقت تک بیٹھ کر گزارنے سے جلد موت اور امراض قلب کا خطرہ 12 سے 13 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
جرنل جاما کارڈیالوجی میں شائع تحقیق میں 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر ایک فرد دن بھر میں 8 گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتا ہے تو جلد موت اور امراض قلب کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں شامل افراد کا جائزہ 11 سال تک لیا گیا تھا تاکہ بیٹھنے کے وقت اور صحت پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ جو لوگ جسمانی طور پر بہت کم سرگرم ہوتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں ان میں جلد موت اور امراض قلب کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ایسے افراد جو زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں مگر چند گھنٹے جسمانی طور پر سرگرم رہتے ہیں، ان میں یہ خطرہ گھٹ کر 17 فیصد ہوجاتا ہے۔
محققین نے کہا کہ بیٹھنے کا وقت جتنا کم ہو، بہتر ہے، اگر آپ کو کئی گھنٹے بیٹھ کر گزارنے ہیں تو دن کے دیگر اوقات میں ورزش کو معمول بناکر جلد موت کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔