02 مئی ، 2023
اسلام آباد: الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی نے اپنی اپنی تحریری تجاویز تیار کیں، پی ٹی آئی نے تحریری تجاویز حکومتی وفد کے حوالے کردیں، حکومتی اتحاد نے بھی تحریری تجاویز پی ٹی آئی وفد کو دیدیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن سمیت 8 نکاتی تجاویز کا ڈرافٹ حکومتی اتحاد کے حوالے کیا ہے، پی ٹی آئی نے عیدالاضحیٰ اور محرم کے درمیان کے ایام میں انتخابات کرانےکی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے تجویز دی ہے کہ اگست کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں الیکشن ہوسکتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنی تجاویز کا ڈرافٹ سپریم کورٹ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اپنے وکلاء کے ذریعے مذاکراتی ڈرافٹ سپریم کورٹ کو بھجوائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے ڈرافٹ پر مشاورت کرے گی۔ مذاکرات کے آغاز سے قبل فریقین نے اپنے اپنے قائدین سے تفصیلی مشاورت کی، مسلم لیگ ن نے اپنے قائد نواز شریف سے بھی مشاورت کی جبکہ پی ٹی آئی کا وفد عمران خان سے تفصیلی مشاورت کے بعد مذاکرات میں شریک ہوا۔