20 مئی ، 2023
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی ایک روپے 55 پیسے مہنگی کر دی۔
نیپرا فیصلے کے مطابق کراچی کے صارفین کیلئے بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی اور اس کا مقصد ملک بھر میں یکساں ٹیرف کا نفاذ یقینی بنانا ہے۔
کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی قیمت میں اضافے کی درخواست وفاقی حکومت نے دی تھی اور نیپرا نے درخواست پر سماعت پہلے ہی مکمل کر رکھی تھی جس کا اب فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
بجلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے اور کراچی کے صارفین کو مئی، جون اور جولائی تین مہینوں میں ہر ماہ ایک روپے 55 پیسے اضافی ادا کرنا پڑینگے۔
نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھی بھجوادیا۔ فیصلے کا اطلاق بجلی کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔