پاکستان

ریاست مخالف جذبات ابھارنے والے شخص کو ایئر ٹائم نہ دیا جائے، پیمرا کے ٹی وی چینلز کو احکامات

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

پیمرا کے احکامات کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو تباہ کیا گیا اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا جبکہ وفاقی حکومت کو کمزور کرنے کیلئے ریاست مخالف جذبات کو ابھارا گیا، ریاست مخالف سرگرمیاں ایک سیاسی جماعت کے مشتعل کارکنان نے کیں ، ایک سیاسی جماعت کا مقصد اداروں اور ریاست کو نقصان پہچانا تھا۔

پیمرا کی جانب سے کہا گیا کہ یہ ایک خوفناک رجحان ہے ،جس کی مذمت کی جانی چاہیے ،ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کا میڈیا بائیکاٹ ہو نا چاہیے، پیمرا نے اس تناظر میں تمام چینلز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ 

پیمرا کے مطابق ریاست مخالف جذبات ابھارنے والے شخص کو ایئر ٹائم نہ دیا جائے، ٹائم ڈیلے میکانزم کا مؤثر استعمال کیاجائے ، قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور نفرت پھیلانے والوں کا بلیک آؤٹ کیا جائے۔

پیمرا کے احکامات میں کہا گیا ہے کہ چینل پر نفرت انگیز، تشدد کے پیروکاروں، منصوبہ سازوں کو وقت نہ دیں، تمام چینلز پر تشدد، لسانی اور فرقہ وارانہ مواد کو نشر نہ کرنا یقینی بنائیں اور مسلح افواج، عدلیہ، نظریہ پاکستان، پاکستان کی سالمیت کا خیال رکھا جائے۔

پیمرا کے مطابق ماسوائے مخصوص حالات کے تمام شہریوں کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے البتہ  تشدد، نفرت آمیز، نقص امن پر اکسانے والے بیانات پر پابندی ہے، آزادی اظہار رائے کی حفاظت کے ساتھ امن کا قیام بھی ضروری ہے۔

پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چینلز کو تاکید کی جاتی ہے پیمرا قوانین، آئین، سپریم کورٹ کے احکامات کی پابندی کریں۔

مزید خبریں :