22 فروری ، 2012
اسلام آباد … نیب نے سیاستدانوں کے خلاف کیسز کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ چیئرمین نیب نے اہم کیسز کو التواء میں ڈالنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے افسروں کو کام کی رفتار تیز کرنے اور کیسز کو طول نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ زیر التوا کیسز کا جائزہ لینے کیلئے نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین ایڈمرل فصیح بخاری کی سربراہی میں ہوا۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ میرٹ پر فیصلے کرتے ہوئے گناہ گاروں کو سزا دلوائیں۔ سیاستدانوں کے خلاف طویل عرصہ سے کیسز التواء میں پڑے ہیں، فیصلے کئے جانا ضروری ہے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے قومی اسمبلی کو آپریٹو ہاوٴسنگ سوسائٹی اور راولپنڈی ایمپلائز ہاوٴسنگ سوسائٹی کے اسکینڈل مزید تحقیقات کیلئے خصوصی آپریشن ڈویژن کے سپرد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قومی اسمبلی کو آپریٹو ہاوٴسنگ سوسائٹی کے مرکزی کردار سابق ڈپٹی سیکریٹری قومی اسمبلی طارق خاکوانی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ایک ہفتے میں مکمل کی جائیں۔