22 فروری ، 2012
کراچی … وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایات پر جیلوں کومجرمانہ سرگرمیوں کے مراکز کے بجائے ”ریفارم ہاوٴسز“ میں تبدیل کرنے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، تاکہ قیدیوں کو ملک کا کارآمد اور اچھا شہری بنایا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاوٴس میں صوبے کی مختلف جیلوں کے متعلق اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں وزیر قانون و جیل خانہ جات ایاز سومرو، آغا سراج درانی ، آئی جی جیل خانہ جات سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ریفارم پروگرام کے تحت جیلوں کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ٹیچنگ، لرننگ، گیمز، کمپیوٹر کے استعمال، ہنر مندی، صحت کی سہولیات اور دیگر ترغیبات دی جارہی ہیں۔ اس موقع پر وزیر جیل اور قانون محمد ایاز سومرو نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ سندھ کی جیلوں میں بیرکوں کی مرمت، ریسٹ ہاوٴسز، لاویٹری بلاکس، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سہولیات، بجلی کے پنکھوں، چارپائیوں، بیڈز، کمپیوٹر لیبارٹریز، پی سی اوز، کمپیوٹر ائزڈ شناختی کارڈ کی تیاری، آرٹ گیلریوں، میوزک رومز، مساجد، قرآن پاک کی تعلیم اور پڑھنے وغیرہ کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ایاز سومرو نے بتایا کہ دستکاریوں، قالین سازی، کھدر کی ہینڈ لومز وغیرہ پر کام جو کہ متعدد جیلوں میں بند ہو چکا تھا اسے دوبارہ فعال کرتے ہوئے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ 5 مارچ 2012ء کو 35 کروڑ روپے مالیت کا اسلحہ اور مشینیں محکمہ جیل کے حوالے کریں گے، جن میں ایل ایم جیز، ایس این جیز، گولیاں، ٹیئرگیس اور دیگر آلات شامل ہیں۔