22 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزارت پانی وبجلی کے کا کہنا ہے کہ نجی پاور پلانٹس کو 136ارب روپے کے بقایا جات کی ادائیگی سے آئندہ چند روز میں بجلی کی پیداوار 13سے 1400 میگا واٹ بڑھ جائے گی اور لوڈشیڈنگ کو کم سے کم سطح پر لایا جا سکے گا۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام کے مطابق ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار 9 ہزار 569میگاواٹ ہے جبکہ 3ہزار 4 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے ۔ حکام نے بتایا کہ نجی پاور کمپنیوں کو مجموعی طور پر 136ارب روپے کی ادائیگی ہو چکی ہے جس سے یہ کمپنیاں زیادہ فیول خرید سکیں گی اور بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔ حکام کے مطابق اس وقت ملک میں تھرمل سے 5ہزار 634 میگاواٹ جبکہ ہائیڈل سے 3900 میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں اوسطاً اعلانیہ اور غیر اعلانیہ 10سے 12گھنٹو ں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔