22 فروری ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے کھاڑک فیکٹری دھماکا کیس کے تینوں ملزمان مالکان کی 29فروری تک عبوری ضمانت منظور کر لی جبکہ آج صبح ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے ان ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں تھیں۔ ملتان روڈ کھاڑک کے رہائشی علاقے میں دوا ساز فیکٹری بوائلر پھٹنے سے گر گئی تھی جس میں کئی افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ فیکٹری مالکان شیخ ظفر، شیخ ظہیر اور شیخ زبیر نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عبوری ضمانتیں کرا رکھی تھیں۔ آج درخواست کی سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری نذیر نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ فیصلہ سنائے جانے سے پہلے ہی تینوں ملزم عدالت سے چلے گئے جس کے باعث انہیں گرفتار نہ کیا جا سکا۔ دوسری جانب ملزمان نے ہائیکورٹ سے ضمانت کیلئے رجوع کیا جس پر پولیس نے ٹرنر روڈ پر واقع ملزمان کے وکیل کے چیمبر کے راستے کو گھیر کر سیل کر دیا اور بھاری نفری تعینات کر دی تاہم لاہور ہائیکورٹ نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے تینوں کی عبوری ضمانت 29 فروری تک منظور کر لی جس کے بعد تحریری حکم ملنے پر پولیس ملزمان کو گرفتار کئے بغیر چلی گئی۔