پاکستان
22 فروری ، 2012

شازیہ مری کے عملے نے میری گاڑی چھین لی، ڈی جی محکمہ اطلاعات

شازیہ مری کے عملے نے میری گاڑی چھین لی، ڈی جی محکمہ اطلاعات

کراچی … محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سید فاضل شاہ نے الزام لگایا ہے کہ وزیراطلاعات سندھ کے عملے نے ان کے ڈرائیور سے سرکاری گاڑی چھین لی جبکہ شازیہ مری نے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی نے پول کی 4 گاڑیاں غیر قانونی طور پر اپنے استعمال میں رکھی ہوئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سندھ سید فاضل شاہ نے جیو نیوز سے ٹیلے فون پر گفتگو میں بتایا کہ وہ کسی عزیز کی وفات پر اندرون سندھ گئے تھے، اس دوران وزیر اطلاعات سندھ کے عملے نے ان کے ڈرائیور سے سرکاری گاڑی نمبر GS-9965 زبردستی لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری ملازم ہیں اور صورتحال سے چیف سیکریٹری سندھ کو آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات فاضل شاہ الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کی 4 گاڑیاں اپنے استعمال میں رکھی ہوئی ہیں، محکمے کے عملے نے ان سے گاڑی واپس لی ہے، میرے اسٹاف نے گاڑی نہیں لی۔ شازیہ مری نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سندھ اکاوٴنٹس کی خرد برد میں بھی ملوث ہیں اور اس سلسلے میں ایک روز قبل ہی چیف سیکریٹری سندھ کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

مزید خبریں :