22 فروری ، 2012
لاہور … وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے گڈ گورننس کے قیام میں نمایاں مدد ملی ہے۔ وہ لاہور میں مائیکروسافٹ کے ڈائریکٹر جیفری ایوان سے ملاقات کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے صوبائی دارالحکومت میں دانش ٹیکنیکل یونیورسٹی کا آغاز 2 اپریل سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جامع اقدامات کے ذریعے نوجوان نسل کا ناطہ ڈیجیٹل ورلڈ سے جوڑ دیا ہے۔ ترکی سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب اور ترکی کے درمیان باہمی تعلقات میں فروغ سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترکی کے ماہرین کی شراکت سے ایلیٹ فورس کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔