15 جون ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے پنجاب کی نگران حکومت سے متعلق شکایات سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے بلاول بھٹو زرداری کو شکایت لگائی ہے کہ پارٹی کا کوئی کام نہیں ہو رہا جس سے ہمیں الیکشن میں مشکل ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عہدیداروں نے بلاول بھٹو زرداری سے شکایت لگائی کہ پیپلز پارٹی کا کام ہو تو نگران حکومت سارا قانون سامنے رکھ دیتی ہے اور دوسری پارٹی کے لیےآنکھیں بند کر لی جاتی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عہدیداروں نے بلاول بھٹو زرداری سے یہ شکایت بھی لگائی کہ آصف زرداری کی آمد پر لاہور میں لگائے گئے بینرز بھی اتار دیے گئے تھے۔
چند روز قبل سینئر صحافی حامد میر نے بھی ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آصف علی زرداری کی لاہور آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے عہدیدارو ں کی جانب سے بینر لگائے جاتے جو رات کو اتار لیے جاتے، اس حوالے سے آصف علی زرداری سے ہی پوچھ لیں کہ ان کے بینر کون اتارتا تھا۔
دوسری جانب ذرائع ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی دبئی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، محسن نقوی کا دبئی میں سابق صدرآصف زرداری کی عیادت کرنےکا امکان ہے۔
اس حوالے سے نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی آصف زرداری سے ملاقات کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے، پنجاب کابینہ کا سیاسی معاملات سےکوئی تعلق نہیں ہے۔