Time 19 جون ، 2023
پاکستان

چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ اور مراعات کا قانون اسپیکر قومی اسمبلی سے الگ کردیا گیا

چیئرمین سینیٹ کو ماہانہ 50 ہزار روپے اضافی الاؤنس ملے گا اور رینٹ پر چیئرمین سینیٹ کے گھرکا کرایہ ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ ہوگا/ فائل فوٹو
چیئرمین سینیٹ کو ماہانہ 50 ہزار روپے اضافی الاؤنس ملے گا اور رینٹ پر چیئرمین سینیٹ کے گھرکا کرایہ ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ ہوگا/ فائل فوٹو 

اسلام آباد: سینیٹ نے چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ، مراعات اور الاؤنسز کا قانون منظور کرلیا۔

چیئرمین سینیٹ کو اسپیکرقومی اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات اور الاؤنسز کے قانون سے علیحدہ کردیا گیا ہے جس کے بعد ایوان نے چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں، مراعات اور الاؤنسز کا قانون منظور کرلیا ہے۔

قانون کےمطابق چیئرمین سینیٹ کو ماہانہ 50 ہزار روپے اضافی الاؤنس ملے گا اور رینٹ پر چیئرمین سینیٹ کے گھرکا کرایہ ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ ہوگا جب کہ چیئرمین سینیٹ کی سرکاری رہائش گاہ کے فرنیچر کے لیے ایک دفعہ کے اخراجات 50 لاکھ روپے ہوں گے۔

قانون کے مطابق بیرون ملک سفرپرچیئرمین کو ڈپٹی ہیڈ آف اسٹیٹ یا نائب صدرکا پروٹوکول ملے گا، فضائی سفرپر حکومت، فوج، فلائنگ کلب،چارٹرڈ سروس کاجہازیاہیلی کاپٹر ریکوزیشن ہوسکتی ہے، چیئرمین سینیٹ بیرون ملک سفرپرکمرشل فلائٹ پر اپنےگھرکا ایک فرد یاریکوزیشنڈ لے جاسکیں گے۔

اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ کو سرکاری کام کے لیے زمینی سفرپرپبلک ٹرانسپورٹ میں 300 روپےفی کلو میٹر دیےجائیں گے جب کہ اپنی گاڑی پرسفرپر 400 روپے فی کلومیٹر دیے جائیں گے اور سفر میں ٹھہرنے پر الاؤنس 10 ہزار روپے یومیہ ہوگا۔

دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ، مراعات اور الاؤنسز کا قانون بھی ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی سے الگ کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :