Time 30 جون ، 2023
پاکستان

آئی ایم ایف معاہدے سے معاشی استحکام لانے میں مدد ملے گی: وزیراعظم

آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کے تعاون پر ان کا شکرگزار ہوں: شہباز شریف کا ٹوئٹر پر بیان/ فائل فوٹو
آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کے تعاون پر ان کا شکرگزار ہوں: شہباز شریف کا ٹوئٹر پر بیان/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ آئی ایم ایف سے معاہدے سے معاشی استحکام لانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے، 9 ماہ کےلیے 3 ارب امریکی ڈالرزکے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرنے میں معاون ہوگا، اس سے معاشی استحکام لانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزارت خزانہ کی ٹیم کو سراہتا ہوں جب کہ آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کے تعاون پر ان کا شکرگزار ہوں۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گااور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکے گی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جب کہ ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔


مزید خبریں :