02 جولائی ، 2023
دبئی میں مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی دوست ممالک کی قیادت سے بات چیت میں ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق حوصلہ افزا پیش رفت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف اگلے چند دن میں لندن روانہ ہوں گے اور ان کا 4جولائی کو لندن واپسی کاپلان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی پیرکو دو خصوصی ملاقاتیں طے ہیں، ان ملاقاتوں کے بعد وہ لندن جائیں گے جبکہ سعودی عرب میں عمرہ ادائیگی کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازشریف کی دوست ممالک کی قیادت سے بات چیت جاری ہے اور ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق حوصلہ افزا پیش رفت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جلد وطن واپسی کیلئے صلح مشورے جاری ہیں، الیکشن کے حتمی اعلان کےساتھ ہی نوازشریف وطن واپس لوٹیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان واپسی کی حتمی تاریخوں پر قانونی مشاورت جاری ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کئی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے دوست ممالک کی قیادت سے بھی رابطے کیے ہیں۔