06 جولائی ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے،اسی سلسلے میں انہیں پیغام بھی بھجوایا تھا۔
ذکا اشرف کی زیرِ صدارت پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد پر ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی ذاکر خان اور دیگر افسران نے ذکا اشرف کا بھرپور استقبال کیا، اجلاس کے آغاز پر مینجمنٹ کمیٹی کے تمام ممبران نے متفقہ طور پر ذکا اشرف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ذکا اشرف نے کرکٹ بورڈ کے معاملات میں شفافیت لانے کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کو اچھی سہولیات دیں گے تو اچھے کرکٹرز سامنے آئیں گے، کرکٹ شائقین کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں چیف فنانس آفیسر نے پی سی بی کے بجٹ پر مینجمنٹ کمیٹی کو بریفنگ دی۔
اسٹیڈیمز کی تعمیرِ نو، ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سمیت اہم امور پر بھی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ اختلافات نہیں ہونے چاہئیں، ہم نے متحد ہو کر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے، ہم نے نجم سیٹھی کو بھی پیغام بھجوایا تھا، اعجاز بٹ کو ابھی اچھی طرح سے رخصت کیا،ایشیا کپ اور ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے۔
کمیٹی ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا بین الاقوامی محاذ پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کرکٹ کو اس کا جائز حق دلوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے سب مل کر کام کریں، خواجہ ندیم مثبت آدمی ہیں، پہلے بھی ہمارے ساتھ مثبت طریقے سے چلے ہیں۔
ذکا اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ شائقین کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی، کوشش کی جائے گی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی آمدن میں اضافہ ہو۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے کرکٹ شائقین کی دیرینہ خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ارباب نیاز اسٹیدیم کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ پشاور کے شائقین بھی پی ایس ایل میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔