Time 12 جولائی ، 2023
صحت و سائنس

ڈپریشن جیسے مرض سے بچنا بہت آسان

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ڈپریشن ایک ایسا مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ ڈپریشن سے بچنا یا اس کی شدت میں کمی لانا بھی بہت آسان ہے۔

درحقیقت معتدل جسمانی سرگرمیوں کو عادت بنانے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر معمر افراد کے لیے۔

یہ بات آئرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

لیمرک یونیورسٹی اور ٹرینیٹی کالج ڈبلن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 20 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں جیسے تیز رفتاری سے چہل قدمی کو عادت بنانے سے ڈپریشن یا اس کی علامات سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے ماہرین نے Irish Longitudinal Study On Ageing کے 10 سال کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی۔

محققین نے بتایا کہ روزانہ 20 منٹ تک (ایک ہفتے میں 5 دن) تیز چہل قدمی کرنے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ 43 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اسی طرح 30 منٹ تک چہل قدمی سے یہ خطرہ 44 فیصد تک کم ہو جاتا ہے جبکہ 2 گھنٹے تک ایسا کرنے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا امکان 49 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق تیز چہل قدمی سے ڈپریشن سے تحفظ ملنے کے ساتھ ساتھ مجموعی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Network Open میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل مارچ 2023 میں برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ورزش کرنے سے ڈپریشن، انزائٹی یا دیگر ذہنی امراض کی شدت میں کمی آتی ہے یا ان سے بچنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔

درحقیقت ڈپریشن اور انزائٹی کے علاج کے لیے ورزش کرنے کی عادت ادویات یا تھراپی سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں ایک لاکھ 28 ہزار سے زیادہ افراد پر ہونے والی ایک ہزار سے زائد تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ورزش کرنے سے ڈپریشن کے شکار افراد کی ذہنی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ذہنی صحت میں مثبت تبدیلی کے لیے بہت زیادہ ورزش کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 12 ہفتوں تک جسمانی سرگرمیوں کو اپنے معمولات کا حصہ بنانے والے افراد میں ڈپریشن، انزائٹی یا دیگر دماغی امراض کی شدت میں کمی آنے کا امکان ادویات یا تھراپی کے عمل سے گزرنے والے مریضوں کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا زیادہ ہوتا ہے۔

مزید خبریں :