Time 20 جولائی ، 2023
پاکستان

اسرائیل جانے کے الزام میں گرفتار 8 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش

عدالت کی جانب سے 5 گرفتار ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی گئیں— فوٹو: فائل
عدالت کی جانب سے 5 گرفتار ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی گئیں— فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حیدرآباد کے اسپیشل اینٹی کرپشن جج کی عدالت میں اسرائیل جانے کے الزام میں گرفتار 8 پاکستانی شہریوں کے خلاف چالان پیش کر دیا۔

عدالت کی جانب سے گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، ذیشان صدیقی، محمد انور اور کامران صدیقی سمیت 5 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملازمت کیلئے اسرائیل جانے والے ملزمان میں ایک خاتون سمیت 8 افراد کو جاری ویزوں اور فضائی ٹکٹوں کی تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوسکیں ہیں، ویزوں کی تفصیلات کیلئے وزارت خارجہ کے ذریعے کینیا، یو اے ای، سری لنکا اور اردن کیلئے مراسلے جاری کئے گئے تھے جبکہ پی آئی اے، ایمریٹس اور قطر ائیرویز نے بھی تاحال فضائی سفر سے متعلق تفصیلات اور دستاویزات فراہم نہیں کیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان محمد اسلم، ستارہ پروین اور عبد الماجد صدیقی کو عمر رسیدہ ہونے کے باعث گرفتارنہیں کیا گیا، تمام ملزمان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن میں میاں بیوی اور بیٹے بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے میرپور خاص کے پانچ افراد محمد انور، محمد کامران صدیقی، کامل انور، محمد ذیشان اور نعمان صدیقی کو اس وقت گرفتار کیا جب اسٹیٹ بینک کی جانب سے اسرائیل سے آنے والے زر مبادلہ کی نشاندہی کی گئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق اسرائیل جانے کی پاداش میں زیر تفتیش پانچ پاکستانیوں کے حوالے سے معلوم ہوا ان افراد کے خاندان سے تعلق رکھنے والے مزید پانچ افراد اب بھی اسرائیل میں موجود ہیں۔

مزید خبریں :