ساتھی کی یاد میں 6 دن تک ڈرم بجاکر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنیوالا شخص

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی 

آئرلینڈ میں 45 سالہ شخص نے  اپنی ساتھی کی یاد میں 6 دن تک ڈرم بجاکر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق آئرلینڈ کے شہر لسبرن سے تعلق رکھنے والے ایلسٹر براؤن نے 150 گھنٹے( 6 دن) سے زائد تک ڈرم بجاکر سب سے زیادہ وقت تک ڈرم بجانے کا ریکارڈ بنا دیا۔

ایلسٹر براؤن اتوار 16 جولائی کو ڈرم بجانا شروع ہوئے اور انہوں نے ہفتہ 22 جولائی کی دوپہر تک ڈرم بجاکر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اس سے قبل سب سے زیادہ دورانیے تک  ڈرم بجانے کا ریکارڈ بھی ایلسٹر براؤن کے پاس تھا۔انہوں نے پہلے 134 گھنٹے اور 5 منٹ تک ڈرم بجایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایلسٹر براؤن نے یہ ریکارڈ اپنی 49 سالہ ساتھی  شیرون ڈیگن کی یاد میں بنایا، جو 2021 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

ہفتے کو ایلسٹر براؤن  نے لسبرن کے میوزک سینٹر جہاں انہوں نے ریکارڈ بنایا، میں گفتگو کرتے ہوئے  تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں ہمیشہ سے  تھا، میں شیرون کی یاد میں یہ کرنا چاہتا تھا۔

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی 

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ ریکارڈ بنانے کے دوران ایلسٹر براؤن کو ڈرم بجانے کے ہر گھنٹے کے بعد  پانچ منٹ کے وقفے کی اجازت تھی۔

تاہم انہوں نے ہر گھنٹے کے بعد بریک لینے کے بجائے اس وقت کو جمع کرکے زیادہ دیر کے لیے آرام کرنے کو بہتر سمجھا۔

رپورٹس کے مطابق جمعے کی صبج تک، جب  ایلسٹر کو ڈرم بجاتے ہوئے 5  دن ہو چکے تھے تب وہ صرف دو گھنٹے کے لیے سوئے۔ 

واضح رہے کہ  ایلسٹر کا یہ تیسرا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہے، اس سے قبل وہ دو بار سب سے زیادہ دورانیے تک ڈرم بجانے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ 2003 میں انہوں نے 58 گھنٹے تک ڈرم بجایا تھا اور پھر 2008 میں ایلسٹر نے 103 گھنٹےتک ڈرم  بجانے کا ریکارڈ توڑا تھا۔ 

مزید خبریں :