30 جولائی ، 2023
امریکی کسان نے اپنی بیوی کو شادی کی 50 ویں سالگرہ کا منفرد تحفہ 80 ایکٹر زمین پر سورج مکھی کے پھولوں کو اگا کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کنساس سے تعلق رکھنے والے لی ولسن نامی کسان نے اپنی بیوی رینی کو شادی کا منفرد تحفہ دیا۔
لی ولسن نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 80 ایکٹر زمین پر سورج مکھی کے 12 لاکھ پھول اگائے ہیں۔
لی ولسن نے بتایا کہ اپنے بیٹے کی مدد سے انہوں نے مئی کے مہینے میں یہ کام شروع کیا تھا اور شادی کی گولڈن جوبلی کا تحفہ دینے کے لیے اہلیہ کو اس کی خبر نہیں ہونے دی۔
لی ولسن کی اہلیہ رینی نے بھی انٹرویو کے دوران بتایا کہ 'اس تحفے نے مجھے بہت خاص بنا دیا ہے، سورج مکھی کے اس کھیت سے زیادہ بہترین سالگرہ کا تحفہ کچھ اور نہیں ہو سکتا'۔
اتنے بڑے رقبے پر پھیلے سورج مکھی کے پھولوں نے لوگوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کیا ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد انہیں دیکھنے کے لیے وہاں آرہی ہے۔