04 جنوری ، 2013
اسلام آباد…امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے طالبان لیڈر ملا نذیر پر حکومتی رد عمل کے بارے میں جواب گول کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے ناقابل قبول، غیر قانونی اور پاکستان کی علاقائی سا لمیت و خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی حقوق کونسل جنیوا سمیت دیگر اداروں سے ڈرون حملوں پر پوزیشن کے حوالے سے رابطے میں ہے،کابینہ نے متعلقہ حکام کو بھارت کو پسندیدہ ملک کا اسٹیٹس قرار دینے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا حالیہ دورہ سعودی عرب نہایت کامیاب رہا، سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدا لعزیر سمیت دیگر قیادت سے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال خصوصاً افغانستان کے حوالے اہم بات چیت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق ملالہ یوسف زئی کے والد کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ایجوکیشن اتاشی کی نوکری دے دی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے اب تک 26 افغان طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے۔