Time 03 اگست ، 2023
پاکستان

توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کی معافی مسترد، شوکاز جاری

فواد چوہدری کے الزامات کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے اس پر مشروط معافی سے تلافی نہیں ہو سکتی: الیکشن کمیشن۔ فوٹو فائل
فواد چوہدری کے الزامات کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے اس پر مشروط معافی سے تلافی نہیں ہو سکتی: الیکشن کمیشن۔ فوٹو فائل

الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی مسترد کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی کی تحریری درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کو شوکاز نوٹس کا جواب 15 اگست تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری نے تحریری معافی جمع کرائی، فواد چوہدری نے مشروط معافی مانگی لیکن اس میں کسی افسوس کا اظہار نہیں کیا گیا۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز الزامات لگائے اور توہین آمیز ریمارکس دیے، یہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اس پر مشروط معافی سے تلافی نہیں ہو سکتی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے بعد فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر معافی مانگی تھی تاہم ممبران الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری معافی نامہ لکھ کر جمع کرانے کا کہا تھا جس پر فواد چوہدری نے تحریری معافی نامہ بھی جمع کرایا تھا۔

مزید خبریں :