04 جنوری ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں قتل کئے جانیوالے نوجوان شاہ زیب کے قتل کیس کے حوالے سے جمعہ کو قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اندرون سندھ کے علاقوں حیدرآباد اور مٹیاری میں پولیس نے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا ، چھاپوں کے دوران 2افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ شاہ زیب قتل کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد حیدرآباد پولیس حرکت میں آگئی۔ حیدرآباد اور مٹیاری میں بتایا جاتا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر سرچ آپرپشن کیا گیا اور دو افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔پولیسذرائع کے مطابق آج اچانک حیدرآباد اور مٹیاری پولیس نے قاسم آباد کے علاقوں نسیم نگر، گلستان سجاد، سٹیزن کالونی اور آٹوبھان روڑ کے علاوہ ٹنڈو جام میں چھاپے مارے ۔پولیسذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سٹیزن کالونی میں چھاپے کے دوران شاہ زیب قتل کیس میں نامزد کئے گئے ملزم نواب سراج تالپور کے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔پولیس نے چھاپے کے دوران بنگلے کی تلاشی بھی لی۔ادھر پولیس کے مطابق شاہ زیب قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے سراج تالپورکے2بھائی اورماموں کو گرفتار کرلیا،پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ گرفتاری تالپورہاوٴس میں چھاپے کے دوران کی گئی۔اس سے قبل جمعہ کی صبح اسلام آباد میں بھی ملزمان کی گرفتار کے سلسلے میں بعض مقامات پر چھاپہ مارا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق ایک ملازم کو گرفتار کیا گیا ہے۔