04 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ماڑی پور روڈ پر کراؤن سینما کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا،تاہم نوجوان کی شناخت نہ ہوسکی ، گلشن اقبال کے علاقے عیسٰی نگری میں کا رپر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوئے، مقتولین کی شناخت اختر حسین ، تنویر الرحمان اور سید مصطفٰی کے نام سے ہوئی ہے۔ سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد سنی تحریک کے کارکن تھے۔ بلدیہ ٹاوٴن نمبر چار میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیاجسے اسپتال منتقل کردیا گیا، ناظم آباد انو بھائی پارک کے قریب فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ہے جس کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر نے کے بعد 3 بوریوں میں ڈال کر پھینکا گیا۔ نیٹی جیٹی پل کے قریب بھی ایک شخص کی بوری میں بند لاش ملی ہے جس کو اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر گولیاں مار دیں گئیں۔ شیر شاہ کے علاقے شاہین ہوٹل کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔