04 جنوری ، 2013
پشاور…خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ دہشت گردوں کی رسائی ہر جگہ ہے اور ہمیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں تسلسل کے ساتھ دہشت گردی کی فضاء بنتی جا رہی ہے، پشاور ایئر پورٹ پر حملہ، بشیر بلور کی شہادت، لیویز اہلکاروں اور این جی اوز کی خواتین کے قتل کے واقعات تسلسل کے ساتھ ہوئے، ان کی مذمت تو بہت ہوچکی لیکن اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ میاں افتخارکا کہنا تھا کہ آج نہ حجرہ کا تقدس ہے نہ مسجد کی عزت ہے اور نہ ثقافتی روایات کی قدر باقی رہی ہے ، دہشت گردی نے بدترین شکل اختیار کر لی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ دہشت گردوں کی رسائی ہر جگہ ہے، ہمیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کی طرف آنا ہوگا، مرکزی حکومت تمام مسائل ایک طرف رکھ کر قیام امن کو ترجیج دے۔