Time 10 اگست ، 2023
کھیل

ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ: جونیئر کیٹیگری میں پاکستان کا مایوس کن آغاز

سائیکل میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مریم علی کی کارکردگی متاثر ہوئی، اگر تکنیکی مسئلہ نہ ہوتا تو ان سے اچھے نتائج کی امید تھی: ٹیم منیجمنٹ— فوٹو: جیو نیوز
سائیکل میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مریم علی کی کارکردگی متاثر ہوئی، اگر تکنیکی مسئلہ نہ ہوتا تو ان سے اچھے نتائج کی امید تھی: ٹیم منیجمنٹ— فوٹو: جیو نیوز

گلاسگو میں ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی مین اور ویمن جونیئر کیٹیگریز میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، دونوں ہی سائیکلسٹ کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔

مینز انڈر 23 انفرادی ٹائم ٹرائل میں پاکستان کے اسماعیل انور 78 میں سے 68 واں نمبر حاصل کر سکے جبکہ جونیئر ویمن انفرادی ٹائم ٹرائل میں پاکستان کی مریم علی آخری نمبر پر رہیں۔

نوجوان پاکستانی سائیکلسٹ اسماعیل انور نے 36.2 کلومیٹر ریس 51 منٹ 35 سیکنڈز میں مکمل کی جبکہ وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹ سے 8 منٹ پیچھے رہے۔

ریس کے دوران پاکستانی سائیکلسٹ اسماعیل انور کی اوسط اسپیڈ 42.107 رہی جبکہ اسی سال تھائی لینڈ میں ایشین چیمپئن شپ کے دوران  ان کی اوسط اسپیڈ 44.683 تھی۔

ویمن جونیئر انفرادی ٹائم ٹرائل میں پاکستان کی مریم علی 42 میں سے 42 ویں نمبرپر رہیں، انہوں نے 13.5 کلومیٹر کا فاصلہ 26 منٹ 50 اعشاریہ 38 سیکنڈز میں مکمل کیا۔

18 سالہ پاکستانی سائیکلسٹ مریم علی فاتح سائیکلسٹ سے 7 منٹ 18 سیکنڈز پیچھے رہیں جبکہ ان کی اوسط اسپیڈ 30.179 رہی۔

مریم علی کی ریس میں مایوس کن کارکردگی  کے حوالے سے ٹیم منیجمنٹ کا کہنا تھا کہ سائیکل میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مریم علی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔

پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ ریس کے آغاز سے قبل سائیکل کے گیئر خراب ہوئے تھے جو بروقت ریپیئر نہ ہوسکے،اگر تکنیکی مسئلہ نہ ہوتا تو مریم سے اچھے نتائج کی امید تھی۔

واضح رہے کہ گلاسگو میں ہونے والی ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان سے مریم علی اور اسماعیل انور جونیئر کیٹیگری کے مقابلوں میں شامل ہیں۔

مزید خبریں :