13 اگست ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز کی کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کی جانب سے ٹیم کے اونر عاطف رانا کو تعریفی سند پیش کی گئی۔
لاہور کے گورنر ہاؤس پنجاب میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا خصوصی تذکرہ ہوا۔
اعزازی تقریب میں کرکٹ کے فروغ اور نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور ڈیولپمنٹ کیلئے لاہور قلندرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے فرنچائز کے اونر عاطف رانا کو خصوصی تعریفی سند پیش کی گئی۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام سے نکل کر متعدد کرکٹرز قومی ٹیم سمیت مختلف فرنچائز ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں، پروگرام کے تحت لاکھوں پلیئرز کے ٹرائلز لیے گئے تھے۔
ٹرائلز کے بعد منتخب کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس میں تربیت دی گئی، ساتھ ساتھ آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات ، نمیبیا اور زمبابوے میں مختلف ٹورنامنٹس میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
لاہور قلندرز نے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت اور اعلیٰ مقابلے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹاپ ڈومیسٹک ٹیموں سے معاہدے کیے جن کے تحت پلیئرز کو دیگر ملکوں کی ڈومیسٹک ٹیموں میں کھیلنے کا موقع بھی مل سکا۔