05 جنوری ، 2013
کراچی … شاہ زیب قتل کیس میں نامزد اہم ملزم سراج تالپور کو مورو سے گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے دیگر 3 ملزمان بھی پکڑ لئے۔ نمائندہ جیو نیوز طلحہ ہاشمی کے مطابق پولیس نے مورو میں چھاپہ مار کر شاہ زیب قتل کیس میں نامزد ملزم سراج تالپور کو ان کے بھائی سجاد تالپور سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قتل کیس میں دوسرے نامزد ملزم شاہ رخ جتوئی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ ملک سے فرار ہوچکا ہے۔پولیس کے مطابق شاہ زیب قتل کیس میں نامزد ملزم سراج تالپور سمیت 4 ملزمان کو حیدر آباد اور دادو سے گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں سراج تالپور، امداد، سجاد، اور غلام مرتضیٰ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس نے آج ڈیفنس کے علاقے خیابان بدر میں بھی چھاپہ مارا تھا جہاں سے ایک گاڑی برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق قبضے میں لی گئی گاڑی شاہ زیب قتل میں استعمال کی گئی تھی اور اس میں مورو فائید کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، جبکہ گاڑی کے مالک کا نام آصف لوند تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آصف لوند واردات کے وقت شاہ جتوئی کے ساتھ موجود تھا۔