خواجہ آصف کا عوام سے الیکشن میں 9 مئی کا بدلہ لینے کا مطالبہ

9 مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو ناکام ہوا، ہم نے پی ٹی آئی حکومت کی بارودی سرنگوں سے ملک کو نکال کر سوا سال مکمل کیا: سابق وزیر دفاع۔ فوٹو فائل
9 مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو ناکام ہوا، ہم نے پی ٹی آئی حکومت کی بارودی سرنگوں سے ملک کو نکال کر سوا سال مکمل کیا: سابق وزیر دفاع۔ فوٹو فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھلا ہے لیکن نواز شریف کے لیے کوئی دروازہ نہیں کھلا تھا۔

سیالکوٹ میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا آج اگر ن لیگ متحرک نظر آتی ہے تو وہ پچھلے پانچ سال کی ثابت قدمی کا نتجہ ہے، آج سوا سال کی حکومت کے بعد عوام کی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے قافلے کو اپنی منزل تک پہنچایا، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ چار سال کا سارا گند صاف کیا لیکن ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ہم نے پی ٹی آئی حکومت کی بارودی سرنگوں سے ملک کو نکال کر سوا سال مکمل کیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا 9 مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا لیکن وہ منصوبہ ناکام ہو گیا، عوام الیکشن میں ان سے 9 مئی کا بدلہ لیں۔

سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھلا ہے لیکن نواز شریف کے لیے کوئی دروازہ نہیں کھلا تھا۔

ان کا کہنا تھا نواز شریف نے اسمبلی میں ڈکٹیٹر کے خلاف تقریر کی لیکن فوج اور تنصیبات پر حملہ نہیں کیا، فخر ہے کہ میں ایسے قائد کا ورکر ہوں جو پہاڑ کی طرح ظلم کے سامنے کھڑا رہا۔

مزید خبریں :