دنیا
Time 19 اگست ، 2023

البانیہ میں 4 سیاحوں کے کھانے کا بل اٹلی کی حکومت کے گلے پڑ گیا

اس معاملے کی بات اس قدر بڑھ گئی کہ البانیہ کے وزیر اعظم نے اپنے ملک کے دورے پر موجود اٹلی کی وزیراعظم سے بات کی/ فائل فوٹو
اس معاملے کی بات اس قدر بڑھ گئی کہ البانیہ کے وزیر اعظم نے اپنے ملک کے دورے پر موجود اٹلی کی وزیراعظم سے بات کی/ فائل فوٹو

یورپی ملک البانیہ میں 4 اطالوی سیاح کھانے کا بل ادا کیے بغیر چلتے بنے جس کی ادائیگی اطالوی حکومت کو کرنا پڑی۔

ویسے تو جہاں بھی کوئی سیاح جاتا ہے وہ اپنے بل کی ادائیگی خود کرتا ہے چاہے وہ بل کھانے کے ہوں یا رہائش کے لیکن اٹلی کے 4 سیاح ایسے بھی تھے جو البانیہ میں سیر و تفریح کیلئے گئے لیکن کھانے کا بل ادا کیے بغیر چلے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ البانیہ کے شہر برات کے ایک مقامی ریسٹورینٹ میں پیش آیا جس کے بعد یہ خبر دونوں ملکوں کے میڈیا کی زینت بن گئی اور بات اس قدر بڑھ گئی کہ البانیہ کے وزیر اعظم نے اپنے ملک کے دورے پر موجود اٹلی کی وزیراعظم سے بات کی۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

البانیہ کے وزیر اعظم نے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے اٹلی کی وزیراعظم سے بات ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے سفیر سے کہا کہ 'جاؤ اور ان بیوقوفوں کا بل ادا کرو'۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی حوالے سے البانیہ میں تعینات اٹلی کے سفیر نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے سیاحوں کے بل کی ادائیگی کر دی ہے جس کی قیمت 80 یورو  تھی۔

البانیہ کے وزیر اعظم نے کہا کہ اطالوی حکومت نے قانون کی عزت کرتے ہوئے اپنے بل کی ادائیگی کی اور ساتھ ہی البانیہ کے وزیر اعظم نے امید کا اظہار بھی کیا کہ اس طرح کے واقعے مستقبل میں نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ریسٹورینٹ کے مالک نے کہا یہ پہلی بار ہے کہ کوئی کسٹمر ان کے ریسٹورینٹ سے پیسے ادا کیے بغیر چلا گیا جب کہ چاروں سیاحوں نے کھانے کی تعریف بھی کی تھی۔

مزید خبریں :