20 اگست ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اگلے انتخابات میں تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے صفایا کر دے گی۔
نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا بھیجا خالی ہے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم کو تعلیم اور تربیت دے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کو تمیز نہیں سکھائی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں گالیوں کے سوا دیگر الفاظ نہیں سنے، پی ٹی آئی کے لوگ پارٹی چھوڑنے والوں کو سوشل میڈیا پر گالیاں دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے بچوں کو غلط راستے پر لگایا گیا ہے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ میں نے غداری کی ہے، میں نے کبھی کسی کو دھوکا نہیں دیا، تحریک انصاف کی جتنی خدمت میں نے کی کسی اور نے نہیں کی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سال کی حکومت تھی، ہمیں شرم آتی ہے، ہم وفاقی حکومت میں کوئی کارنامہ نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں آپ کا صفایا نہ کیا تو میرا نام بدل دینا، نوشہرہ سے شروع ہونے والا یہ قافلہ صوبے کے کونے کونے تک جائے گا۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد میں بیٹھ کر پورے ملک کو چلانا چاہتے تھے اور وہ کہتے تھے کہ وہ فوج کے خلاف انقلاب لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ اس وقت 35 سے 40 الیکٹ ایبلز ہیں اور بھی لوگ رابطے میں ہیں لیکن میں نے کئی شمولیتیں روکی ہوئی ہیں، الیکٹ ایبلز کے اپنے ووٹ ہوتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو انتخابات میں لگ پتا جائے گا۔