22 اگست ، 2023
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) انٹرپول پاکستان نے کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اشتہاری ملزم نوید احمد پنجاب پولیس کو مطلوب تھا جس کو قطر سے گرفتار کرکے اسلام آباد ائیرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول قطر کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی، ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت گجرات کے تھانے میں مقدمہ درج تھا، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔
ترجمان نے کہاکہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔