Time 24 اگست ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن کے مشاورتی اجلاس میں پی ٹی آئی کا 90 دن میں انتخابات کروانے کا مطالبہ

یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں: الیکشن کمیشن— فوٹو: فائل
یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں: الیکشن کمیشن— فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کے انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 90 دن میں انتخابات کروانے کا مطالبہ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انتخابات سے متعلق سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مشاورتی اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے وفد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت حلقہ بندیوں کی ضرورت نہیں ہے اس لیے 90 دن میں انتخابات کروائے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انہوں نے گرفتار لیڈروں اور کارکنوں کی فوری رہائی، سیاسی ریلیوں کی اجازت  اور یکساں سیاسی مواقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ پیش کیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران جے یو آئی کے وفد نے موقف اپنایا الیکشن کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے، تاہم مردم شماری کے نتائج آچکے ہیں اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل پہلے مکمل کرنا چاہیے۔

مشاورتی اجلاس سے متعلق جاری اعلامیے میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں کو یقین دلایا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائےگا اور کوشش ہوگی کہ الیکشن کا انعقاد جلد ازجلد ہو اور یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے روڈ میپ، شیڈول اور انتخابات کی تاریخ سے متعلق سیاسی جماعتوں سے علیحدہ علیحدہ مشاورت کیلئے اجلاس بلوانے کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :