29 اگست ، 2023
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے باپ زخمی اور بیٹا ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن عمر ماروی گوٹھ میں بیٹھک میں 3 ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی جہاں بیٹھے افراد کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے باپ اور بیٹا گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
مکینوں نے فرار ہوتے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی جن میں سے 2 ڈاکو تو فرار ہوگئے تاہم ایک ڈاکو پکڑا گیا جسے لوگوں نے شدید تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کورنگی سنگر چورنگی پر 4 ڈاکو ہوٹل میں بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے کہ ہوٹل میں بیٹھے ایک شہری نے ان پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ڈاکو کے قبضے سے پستول بھی ملی جب کہ 2 زخمی ڈاکوؤں سمیت 3 فرار ہوگئے،دونوں زخمی ڈاکوؤں کو بعد میں جناح اسپتال سے گرفتار کرلیا، ایک ڈاکو تاحال فرار ہے۔