30 اگست ، 2023
چیئرمین نیپرا نے صارفین کے لیے مہنگی بجلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسی سائنس ہے کہ سستی بجلی ہونے کے باوجود مہنگی اٹھائی جائے۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 2 روپے 7 پیسے اضافے پر سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں ہوئی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے بتایا کہ ڈسکوز کے ڈیٹا میں کچھ ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہیں، ایڈجسٹمنٹ کے بعد اضافے کی درخواست ایک روپے 58 پیسے بنتی ہے۔
چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا بجلی ترسیل سے متعلق مسائل حل کیے جائیں، اس میں صارف کا کیا قصور ہے، یہ کونسی سائنس ہے کہ سستی بجلی دستیاب ہونے کے باوجود مہنگی اٹھائی جائے، ہم صارف پر اس طرح فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نہیں ڈالیں گے۔
ممبر نیپرا بلوچستان کا کہنا تھا کوئلے کی قیمت کم ہے، مہنگا کیوں استعمال ہو رہا ہے، کوئلے سے بجلی پیداوار میں بدانتظامی ختم کریں۔ ایم ڈی سی پی پی اے نے کہا کہ بدانتظامی نہیں ہے جن پلانٹس کے پاس پہلے کا خریدا مہنگا کوئلہ پڑا تھا وہ استعمال ہوا۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا تھا ہم مکمل جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کریں گے، صارف کو وہی بوجھ منتقل کریں گے جو بنے گا۔