30 اگست ، 2023
ٹرین کا سفر کسی خطے کے بارے میں جاننے کا ایک بہترین ذریعہ ہے جس کے دوران شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات کو دیکھنا بھی ممکن ہوتا ہے۔
ٹرین کے سفر سے آپ کو اپنے اردگرد کی دنیا کو ایک نئی نظر سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
آپ ایک سے دوسرے شہر جارہے ہوں یا شہر کے اندر چلنے والی کسی ٹرین سروس پر سفر کررہے ہوں، اس سفر کے لیے کافی وقت درکار ہوتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کی وہ کونسی ٹرین ہے جس پر سفر کرنے کے لیے ایک یا 2 دن نہیں بلکہ پورے 6 دن درکار ہوتے ہیں؟
جی ہاں واقعی یہ دنیا میں ٹرین کا سب سے طویل سفر ہے جو ایک ہی ریلوے لائن پر کیا جاتا ہے۔
ٹرانس سائبیرین ریلوے کا نیٹ ورک ماسکو سے روس کے مشرق بعید کے درمیان پھیلا ہوا ہے۔
یہ ٹرین ماسکو سے Vladivostok تک سفر کرتی ہے یہ مجموعی طور پر 5772 میل کا فاصلہ ہے جس کے دوران ٹرین یورپ اور ایشیا کے مختلف حصوں سے گزرتی ہے۔
1916 سے یہ ٹرین کام کر رہی ہے مگر اس میں سفر کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹرین بہت سست روی سے سفر کرتی ہے اور روس کے متعدد خطوں سے گزرتی ہے جس دوران یہ متعدد خوبصورت مقامات پر رکتی ہے۔
اس ٹرین کو اپنا سفر مکمل کرنے میں 144 گھنٹے یا 6 دن لگتے ہیں۔
ویسے تو کچھ ٹرینیں اس سے بھی زیادہ فاصلے تک سفر کرتی ہیں مگر وہ مختلف ریلوے لائنز سے گزرتی ہیں۔
ان میں سے بھی محض ایک ٹرین ہے جس میں مسافر سفر کر سکتے ہیں،
شمالی کورین اسٹیٹ ریلوے Pyongyang سے ماسکو تک ٹرین چلاتی ہے اور یہ فاصلہ 6380 میل ہے۔
اس کے لیے ایک سنگل بوگی والی ٹرین Pyongyang سے Vladivostok جاتی ہے، جہاں وہ دوسری ٹرین سے منسلک ہوتی ہے جو ٹرانس سائبیرین ریلوے ہے۔