03 مئی ، 2024
صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 152 نمبر پر آگیا۔
آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں دنیا بھر میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے سیاسی جبر اور آزادی صحافت پر لگائی جانے والی قدغن پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے صحافیوں کی حالت زار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال بھی کچھ خاص بہتری نہ آسکی، رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں صحافیوں کو اپنے ہی سیاسی رہنماؤں سے خطرہ ہے۔
رپورٹ میں ناروے کو ایک بار پھر صحافیوں کے لیے سب سے ’بہترین‘ جبکہ مشرقی افریقی ملک اریٹیریا کو سب سے ’برا‘ ملک قرار دیا گیا ہے، صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے ڈنمارک دوسرے اور سویڈن تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان پچھلے سال کے مقابلے دو درجے کمی کےبعد 152ویں نمبرپر جبکہ بھارت بھی دو درجہ تنزلی کےبعد 161 ویں نمبر پر چلا گیا۔
صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے ایران 176ویں اور چین 172ویں نمبر پر موجود ہے، امریکا میں بھی صحافیوں کی آزادی پچھلے ایک سال میں محدود ہوئی ہے اور امریکا 45 سے 10 درجے تنزلی کے بعد 55ویں نمبر تک پہنچ گیا ہے۔