11 ستمبر ، 2023
بھارت نے ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے357 رنز کا ہدف دیا ہے، آج کولمبو میں اگر پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف ہدف کا تعاقب کامیابی سے کرلیتی ہے تو یہ اس کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ ریکارڈز کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوتا ہےکہ پاکستان نے آخری چار میچز جس میں اس کو 300 سے زائد کا ہدف ملا تھا ، اس میں کامیابی سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔
حال ہی میں ہمبن ٹوٹا میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف کامیابی سے 301 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
اس سے قبل راولپنڈی میں پاکستان نے فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز کا ہدف کامیابی سے عبورکیا تھا۔
گزشتہ سال جون میں ملتان کے مقام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 306 رنز بناکر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار انداز میں 349 رنز بنا کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہےکہ جہاں پاکستان نے 300 سے زائد کے چاروں اہداف کامیابی سے حاصل کرلیے تھے وہاں عین 300 رنز کا ہدف اس سے چیز نہ ہوپایا تھا جب کراچی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 299 رنز کیے تھے لیکن پاکستان ٹیم ہدف عبور نہ کرسکی تھی۔
بھارت کا اسکور 356 رنز اس کا پاکستان کے خلاف مشترکہ طور پر سب سے بڑا ٹوٹل ہے، اس سے قبل بھارت نے وشاکا پٹنم میں 9 وکٹ پر 356 رنز اسکور کیے تھے۔
ون ڈے میں پاکستان کو مجموعی طور پر 56 مرتبہ 300 سے زائدکا ہدف ملا ہے جس میں سے 10 مرتبہ اس نےکامیابی سے ہدف عبور کیا ہے، ان 10 میں سے 4 کامیاب تعاقب 2022 کے بعد کیےگئے ہیں۔