Time 25 ستمبر ، 2023
کاروبار

اسٹیٹ بینک نے 2 منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی اسمگلنگ سے متعلق ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر  2 منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 2 کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے لیے ڈائریکٹر ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے خلاف حوالہ ہنڈی اورکرنسی اسمگلنگ کے مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق ایک مقامی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے، اجازت نامہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر معطل کیا گیا ہے۔

اعلامیےکے مطابق مقامی ایکسچینج کمپنی کے صدر  دفتر، برانچوں اور فرنچائزز کو سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک اور مقامی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ قواعد کی خلاف ورزی پر تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے، ایکسچینج کمپنی، اس کے صدر دفتر اور  برانچوں کو کاروباری  سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔