پاکستان
10 جنوری ، 2013

کوئٹہ: باچا خان چوک کے قریب دھماکا، 9افراد جاں بحق، 15سے زائد زخمی

کوئٹہ: باچا خان چوک کے قریب دھماکا، 9افراد جاں بحق، 15سے زائد زخمی

کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے باچا خان چوک پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب زور دار دھماکے میں 9 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ کے مصروف کاروباری علاقے باچا خان چوک پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئیں، علاقے میں دکانیں اور پتھارے موجود تھے اور لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف تھی۔ زور دار دھماکے کے مقام پر گہرا گڑھا پڑگیا، قریبی عمارتوں، دکانوں اور 10 سے زائد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، کئی گاڑیاں الٹ گئی، ایف سی کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ دھماکے میں 9 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں ایف سی اہلکار اور بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی، لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کررہے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے مقام سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے کی تلاشی لے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ 10 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد پلانٹ کیا گیا تھا، تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں :