Time 30 ستمبر ، 2023
پاکستان

آتشزدگی کا شکار پی آئی اے کی پرواز کا مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا

جدہ سے لاہور کی پرواز پی کے 760 کی روانگی کے وقت اے پی یونٹ میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد پرواز کی روانگی منسوخ کرکے 275 مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا گیا تھا— فوٹو: فائل
جدہ سے لاہور کی پرواز پی کے 760 کی روانگی کے وقت اے پی یونٹ میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد پرواز کی روانگی منسوخ کرکے 275 مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا گیا تھا— فوٹو: فائل

جدہ میں جمعرات کی شب قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد ہوٹل منتقل کیا گیا مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

جدہ سے لاہور کی پرواز  پی کے 760 کو روانگی کے وقت اے پی یونٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آگیا تھا جس کے بعد پرواز کی روانگی منسوخ کرتے ہوئے 275 مسافروں کو  ہوٹل منتقل کیا گیا تھا۔

گوجرانوالہ کا رہائشی 31 سالہ نوجوان ذکیس احمد بھی دیگر مسافروں کے ہمراہ ہوٹل میں مقیم تھا کہ اچانک اسے دل کا دورہ پڑ گیا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔

ساتھی مسافروں کے مطابق پولیس نے عازم عمرہ نوجوان کی میت کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے نوجوان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میت جدہ کے مقامی اسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے،  پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ کے نوجوان کی میت پاکستانی قونصل خانے کے حوالے کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق ممکنہ طور پر دو سے تین روز میں ضابطے کی کارروائی کی تکمیل پر نوجوان کی میت وطن واپس روانہ کی جائے گی۔

مزید خبریں :