30 ستمبر ، 2023
افغانستان سے دوحہ بھیجے گئے پارسل سے کراچی میں ساڑھے 14 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی آئس ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
کراچی ائیرپورٹ کسٹمز ڈرگ انفورسمنٹ سیل کے کلیکٹر شفیق احمد لاٹکی کے مطابق ان کے عملے نے کراچی ائیرپورٹ پر لاوارث میں منشیات کا سراغ لگایا۔
انہوں نے بتایا کہ فروٹ باسکٹس پر مشتمل پارسل افغانستان کے شہر مزار شریف سے رفیع نامی شہری نے بحرین کے گلباز خان کے نام روانہ کیا تھا، غالباً پکڑے جانے کے ڈر سے بحرین میں متعلقہ شخص نے پارسل وصول نہیں کیا۔
شفیق احمد لاٹکی کے مطابق پارسل وصول نہ کیے جانے کے باعث بین الاقوامی قوانین کے تحت افغانستان واپس بھیجا گیا، بحرین میں متعلقہ حکام نے پارسل کھولے یا چیکنگ کیے بغیر واپس بھیج دیا اور پارسل کو کراچی سے پشاور کے راستے واپس مزار شریف افغانستان پہنچنا تھا۔
کراچی ائیرپورٹ پر شک کی بنا پر کسٹمز ڈرگ انفورسمنٹ کے عملے نے پارسل کی چیکنگ کی تو عملے نے دوران چیکنگ پارسل میں اعلیٰ کوالٹی کی 14 کلو 500 گرام کرسٹل آئس کا سراغ لگایا۔
پارسل کھولنے پر کارٹن سے 30 کروڑ روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی کرسٹل آئس برآمد ہوئی جس پر کسٹمز پریونٹیو افسر کی مدعیت میں درج مقدمہ کے تحت مزید کارروائی جاری ہے۔