24 فروری ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی بختیار ڈومکی کی اہلیہ اور بیٹی کے قتل کی پولیس تحقیقاتی رپورٹ کو غیرتسلی بخش قرار دے دیا۔ کیس کی سماعت جسٹس شاکر اللہ جان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔بنچ کے رکن جسٹس طارق پرویز نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قتل کیس میں پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کوئی نئی چیزشامل نہیں۔ بنچ کے سربراہ جسٹس شاکر اللہ جان نے ڈی آئی جی سندھ شوکت علی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کا یہ عالم ہے، جب ہم پو چھتے ہیں تو آپ پیچھے کی طرف دیکھتے ہیں۔ اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست بھی جمع کرائی جس میں استدعا کی گئی کہ بلوچستان کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے لہذا سماعت چیمبر میں کی جائے۔ درخواست پر سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔