11 جنوری ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسم ابر آلود اور بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے ۔دوسری طرف سردموسم سے سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔شمالی بلوچستان میں چمن،پشین اور زیارت میں بارش کے بعد موسم سرد اورکئی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود ہے۔گلگت بلتستان میں اسکردو،دیامر،استور ،ہنزہ نگر اور غذر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ گیس سلنڈر اور جلانے کی لکڑی کی قیمت بڑھنے سے مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ملک کا سرد ترین علاقہ آج بھی اسکردو ہے یہاں درجہ حرارت منفی 15 رکارڈ کیاگیا۔مالاکنڈ،ہزارہ،آزاد کشمیر اور قبائلی علاقے بھی سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ نصیر آباد،جعفر آباد ،جیکب آباد اور دادو کے کئی علاقے اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور متاثرین شدید سردی میں شیلٹر اور گرم کپڑوں کے بغیر موسم کی سختی جھیلنے پر مجبور ہیں۔