بھارت میں بھینس خاتون کا ڈیڑھ لاکھ روپے کا منگل سوتر نگل گئی

خاتون نے اپنا منگل سوتر سویا بین اور مونگ پھلی کے چھلکوں سے بھری ہوئی ایک پلیٹ میں رکھا تھا/ فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
خاتون نے اپنا منگل سوتر سویا بین اور مونگ پھلی کے چھلکوں سے بھری ہوئی ایک پلیٹ میں رکھا تھا/ فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں بھینس ڈیڑھ لاکھ روپے کا منگل سوتر کھاگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ ریاست مہاراشٹرا کے ضلع واشم میں پیش آیا جہاں ایک بھینس ڈیڑھ لاکھ بھارتی روپے اور 20 گرام وزنی منگل سوتر کھاگئی۔

 میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ خاتون نے اپنا منگل سوتر سویا بین اور مونگ پھلی کے چھلکوں سے  بھری ہوئی ایک پلیٹ میں رکھا تھا جسے وہ بعد میں نکالنا بھول گئی اور یہ پلیٹ بھینس کے ہتھے چڑھی جس پر بھینس نے چرتے ہوئے منگل سوتر بھی نگل لیا۔

کچھ گھنٹوں بعد خاتون کو اندازہ ہوا کہ ان کا منگل سوتر غائب ہے، یاد آنے پر خاتون نے پلیٹ چیک کی اور منگل سوتر نہ ملنے پر شوہر کو بتایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کا علم ہونے پر جانوروں کے ڈاکٹر کو بلایا گیا اور ڈاکٹر کی جانب سے بھینس کے پیٹ کا معائنہ کرنے پر منگل سوتر کی پیٹ میں موجودگی کا پتا چلا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اگلے روز 2 گھنٹوں پر مشتمل بھینس کا آپریشن کیا گیا اور منگل سوتر کو نکالا گیا، اس آپریشن میں بھینس کے پیٹ پر 60 سے 65 ٹانکے آئے۔

مزید خبریں :