03 مئی ، 2024
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہراہ قراقرم پر یشوخل داس کے مقام پر علی الصبح ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثےکا شکار ہونے والی مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جارہی تھی، علی الصبح ہونے والے حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بھی کچھ دیر بعد جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
حادثے کے بعد ریجنل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں سے زخمیوں کےلیےخون کی اپیل کی گئی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان نے بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انتظامیہ اور زخمیوں کی بروقت طبی امداد کرنے کی ہدایت کی ہے