11 جنوری ، 2013
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے عبدالقادر گیلانی کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے تفتیشی افسر حسین اصغر کو ہدایت کی کہ وہ خود کو حج کرپشن کیس تک محدود رکھیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔ عبدالقادر گیلانی کی طرف سے درخواست دی گئی تھی کہ انہیں ایف آئی اے کی طرف سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ان کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے کہا کہ حسین اصغر حج کرپشن سے ہٹ کر عبدالقادر گیلانی کے خلاف بی اے ڈگری کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حسین اصغر کا احترام کرتے ہیں، وہ دل چھوٹا نہ کریں، کیس ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا، حسین اصغر خود کو حج کرپشن کیس تک محدود رکھیں، اگر کوئی اور شکایت ہے تو دوسرا ڈیپارٹمنٹ کارروائی کرے۔ مقدمے کی مزید کارروائی 16 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔